وحدت نیوز (لاہور) مرکزی سیکرٹری تربیت مجلس وحدت مسلمین مولاناسید احمد اقبال رضوی نے یمن کی تازہ صورتحال پر گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ ایک طرف یمن میں سعودی جارحیت کے نتیجے میں پانی جیسی بنیادی ضرورت سے یمن کے بچوں کو محروم کیا جا رہاہے ،یمن میں پانی کے منابع اور انفرااسٹرکچر کو تباہ کر کے،عالم اسلام کے اس اہم ملک کو پتھر کے دور میں دھکیلا جا رہا ہے اور دوسری طرف خود اپنے ہی ملک کے مایہ نازاوراتحاد بین المسلمین کے داعی شیعہ عالم دین شیخ باقر النمر کو پھانسی کی سزا سنا کر انسانی حقوق اور آزادی رائے کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آل سعودکی نااہلی اور خیانت کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہوسکتا ہےکہ قطیف کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران درجنوں شیعہ مسلمانوں کو خودکش حملہ کر کے خاک و خون میں غلطاں کر دیا جاتا ہےاور آئندہ اس طرح کے گھنائونے اقدامات کی روک تھام کے لئے کوئی مئوثر لائحہ عمل نہیں بنایا جاتا ۔یہ سب اس صورتحال میں ہو رہا ہے کہ جب میانمار میں بے گناہ مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے وہاں بچوں کو بے دردی کے ساتھ قتل کیا جا رہاہے عورتوں کو اسیراوران کی بستیوں کو جلایا جا رہاہے لیکن سعودی بادشاہت اس تمام ظلم پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔کاش عالم اسلام کا یہ نام نہاد ٹھیکیدار میانماراور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں بھی کوئی عملی قد م اٹھاتا اوریمن کے بجائے آل سعود کی توپوں کا رخ اسرائیل اور میانمار کے مسلمانوں پر ظلم کرنے والوں کی طرف ہوتا۔