وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کا لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ 27 ویں روز بھی جاری، گرمی کی شدت اور روزے کے باوجود بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت، لانگ مارچ کیلئے رابطہ مہم شروع۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ مبارک موسوی کا شرکاء سے خطاب میں کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد مستحکم اور دہشتگردی سے پاک پاکستان کیلئے ہے، ملت جعفریہ پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس قوم نے سیاچن اور کے ٹو سے لے کر گوادر تک مادر وطن کی حفاظت کے خاطر جانی و مالی قربانیاں دی لیکن بدقسمتی سے اس ملک کے حکمرانوں اور اشرافیہ نے اس غیور ملت کے ساتھ ہمیشہ سے غداری کی، ملک بھر میں ہماری نسل کشی دراصل ہمیں حب الوطنی کی سزا دی جا رہی ہے، ہماری قوم نے ہمیشہ ملکی سلامتی کو مقدم سمجھا کسی ملک دشمن ایجنسی کے ایجنٹ نہیں بنے، ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کا احترام اور شدت پسندی اور فرقہ واریت کیخلاف عَلم بغاوت بلند کیا، پاکستان کے ریاستی اداروں اور حکمرانوں نے جس گروہ کی تربیت کرکے اس قوم پر مسلط کیا آج اس کا خمیازہ حکومت، ریاستی اداروں سمیت پوری قوم بھگت رہی ہے۔ علامہ مبارک موسوی کا کہنا تھا کہ پاک چائینہ اقتصادی راہداری پاکستان کی معیشت اور ترقی کی شہ رگ ہے، ہم اس میں رکاوٹ بننے والی قوتوں کو ملک کا دشمن سمجھتے ہیں، اقتصادی راہداری میں سب سے بڑی رکاوٹ دہشتگرد گروہ کیساتھ ساتھ سیاسی اشرافیہ بھی ہے، جو اس ملک کی تعمیرو ترقی سے زیادہ اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب دہشتگردوں کیلئے محفوظ پناہ گاہ بن چکا ہے، جنوبی پنجاب دوسرا وزیرستان بن گیا ہے، لیکن پنجاب کے بدمست حکمران لوٹ کھسوٹ اور انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہیں، بھوک ہڑتالی کیمپ میں دعائے کمیل کی محفل سے قاری افضل ایمانی اور علامہ حسن ہمدانی نے بھی خطاب کیا۔