وحدت نیوز (ملتان) یمن پر سعودی عرب کی سربراہی میں مصر،قطر، کویت،امریکہ ، یواے ای اور دیگر استعماری قوتوں کے حملے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی کال پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد الحسین نیو ملتان کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کی۔ جبکہ ریلی میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اُٹھارکھے تھے جن پر سعودی عرب، امریکہ اور اُس کے اتحادیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے اقوام متحدہ اور عالم اسلام سے سعودی جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کیا ۔
ایم ڈبلیو ایم ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے یمن پر حملہ کر کے اپنی بوکھلاہٹ کااعلان کیا ہے۔ سعودی عرب دنیا میں پراکسی وار کھیلنا چاہتا ہے جس کے نتائج بہت جلد منظرعام پر آئیں گے ۔ یہ نام نہاد اسلامی ملک اسلام کے نام پر مسلمانوں کے خون کی بولی لگارہا ہے ۔ اس سے پہلے مصر میں اس نے جو کیا وہ مسلمانوں کے لیے باعث شرم ہے مسلمانوں کے خلاف استعمار کی مددکی گئی اور ہزاروں بے گناہوں مصریوں کا قتل عام کیا گیا۔سعودی عرب امریکہ کے ساتھ مل کر خطے میں اسرائیل کے مفادات کاتحفظ کررہا ہے، سعودی عرب نے مصر میں محمد مرسی کی حکومت کے خاتمے کے لیے امریکہ کاساتھ دیا، سعودی عرب وہ ملک ہے جس نے امریکہ کے ساتھ مل کر شام کو تقسیم کرنے کی ناکام کوشش کی۔ پاکستان کو ہرگز یمن کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے حکومت پاکستان کو متنبہ کیا کہ سعودیہ اور امریکہ کی جنگ میں کودنے سے باز رہے پہلے پاکستان کے اندرونی مسائل کو حل کریں ۔ سعودیہ عرب کی چاپلوسی بند کریں ورنہ پاکستان کی عوام سڑکوں پر ہوگی۔ اس موقع پر اُنہوں نے پاکستانی سیاسی اور مذہبی جماعتوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی طاقت کے ذریعے پاکستان حکومت کو باور کرائیں کہ ہماری پاک فوج کرائے کی قاتل نہیں کہ جہاں چاہے استعمال کردیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر نواز حکومت نے سعودیہ کی چاکری کرتے ہوئے پاکستانی فوج کو یمن میں اُتارا تو پوری قوم سراپا احتجاج ہوگی۔ اس موقع پر اُنہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی اپیل کی کہ خدارا ان مفاد پرستوں کی خاطر اپنے ہاتھوں کو بے گناہ مسلمانوں کے خون سے رنگین نہ کیا جائے ۔ مظاہرین سے ڈپتی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، غلام حسنین انصاری ودیگر نے خطاب کیا۔