وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین چنیوٹ کے سیکرٹری سیاسیات سید عاشق حسین بخاری کو ہائیکورٹ نے رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ سید عاشق حسین بخاری کی ناجائز گرفتاری کیخلاف ایم ڈبلیو ایم نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے اسد نثار بھٹی ایڈووکیٹ ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔ درخواستگزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سید عاشق حسین بخاری کا نام ناجائز طور پر فورتھ شیڈول میں ڈالا گیا، سید عاشق حسین بخاری ایک محبِ وطن اور پُرامن شہری ہیں۔ درخواست گزار وکیل نے کہا کہ عاشق حسین بخاری نے یوم آزادی کے موقع پر چنیوٹ میں جشن آزادی ریلی میں شرکت کی۔
وکیل نے کہا کہ عاشق حسین بخاری نے سبز ہلالی پرچم اٹھا کر وطن کی حرمت اور سربلندی کیلئے نعرے لگائے اور مملکت خداداد سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ چنیوٹ پولیس نے وطن سے محبت کے اظہار کے جرم میں عاشق حسین بخاری کو گرفتار کر لیا۔ درخواستگزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کسی بھی شہری کو وطن سے محبت کے اظہار پر کوئی کیسے گرفتار کرسکتا ہے؟ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ریمارکس دیئے کہ وطن کی محبت جزو ایمان ہے، کسی بھی شہری کو آزادی کا جشن منانے سے نہیں روکا جا سکتا۔ فاضل جج نے درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے سید عاشق حسین بخاری کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔