وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدتِ مسلمین کے زیرِاہتمام آج جمعہ کو یوم یکجہتی کشمیر و یمن کے عنوان سے منایا گیا۔ اس حوالے سے لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی اور کشمیری و یمنی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر کشمیری عوام کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے رہنما سید حسین زیدی، خانم سیدہ حنا رضا تقوی، نجم خان اور رانا کاظم علی اور دیگر نے کی۔ مظاہرین سے خطاب میں رہنماؤں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ کشمیر و یمن میں ہونیوالے مظالم کا نوٹس لیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ بھی کشمیر کے مسئلے پر روایتی غفلت کا مظاہرہ کر رہا ہے، جبکہ یمن پر سعودی جارحیت پر بھی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے، اگر امت مسلمہ بیدار نہ ہوئی تو طاغوتی طاقتوں اور ان کے آلہ کاروں کے ذریعے انہیں ناقابل تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جو عالمی دہشت گرد تنظیمیں اسلام کے نام پر بےگناہوں کے گلے کاٹنے میں مصروف ہیں وہ یہود و نصارٰی کی ایجاد کردہ ہیں۔ ہمیں ہر شخص کو اپنی صفوں سے دور کرنا ہوگا جو دین کے نام پر قتل یا تکفیر کا پرچار کرے۔ اگر مسلمان حکمت و بصیرت اور دانش سے کام لیں تو دشمنوں کی تمام چالیں ناکام ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ مظلومین کی حمایت ایک شرعی تقاضا ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان مظلومین کی حمایت میں یک زبان ہو کر ظالموں کو منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں۔ اس موقع پر شہدائے کشمیر و یمن کی یاد میں چراغاں بھی کیا گیا۔