وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے "مردہ باد امریکہ" احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں دونوں جماعتوں کے کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع خواتین کی جانب سے بھی بھرپور شرکت کی گئی۔ مظاہرے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن رضا ہمدانی،آئی ایس او کے ڈویژنل صدر حیدر عباس، علامہ سید وقارالحسنین نقوی، سید سجاد نقوی، سید عظیم سبزواری سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سید اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ امریکہ یاد رکھے، یہ کوئی غلام قوم نہیں، غلام حکمران تھے، جو ماضی میں امریکہ کی ہر بات کے سامنے سرتسلیم خم کرتے رہے، مگر عوام نے ماضی میں کبھی امریکہ کو تسلیم کیا اور نہ آئندہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے تمام مسائل کا ذمہ دار امریکہ ہے، امریکہ کو اب پالیسیاں تبدیل کرنا ہوں گی اور پاکستان سے مستقل بنیادوں پر نکلنا ہوگا۔
ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات سید اسد نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امریکی مداخلت کی پُرزور مذمت کرتے ہیں، امریکہ کی جانب سے وزیراعظم کو کھلی دھمکیاں دینا قابل مذمت ہیں۔ علامہ حسن رضا ہمدانی نے کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ حکمرانوں کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا ہے، جب مطلب پورا ہو جاتا ہے، تو انہیں ٹشو پیپر کی طرح پھینک دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب دور بدل گیا ہے، اب قوم بیدار ہے، اب ملت پاکستان امریکی غلامی کو کسی طور تسلیم نہیں کرے گی۔
علامہ ہمدانی کا کہنا تھا کہ آج کا یہ مظاہرہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے، آج پورے ملک میں پاکستان کے غیور عوام امریکہ کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ جس طرح افغانستان سے بے آبرو ہو کر نکلا ہے، وہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کر دے ورنہ پاکستان کے عوام افغانستان سے بھی بدترین ذلت کیساتھ امریکہ کو نکال باہر کریں گے۔ مظاہرے کے اختتام پر امریکی پرچم نذر آتش کئے گئے۔