وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین نے مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا ، اسلام آباد سمیت تمام بڑے شہروں میں یوم سیاہ کی مناسبت سے تقاریب کا انعقاد کیاگیا اور بھارتی مظالم کے خلاف اقوام عالم کو بیدار کرنے کے لیے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو درپیش مصائب اور مظالم پر روشنی ڈالی ۔
مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے رہنما اور قائم مقام صدر پنجاب ملک اقرار حسین نے کہا ہے کہ 27اکتوبر یوم سیاہ ہے، بھارتی سامراج نے کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا ، تقسیم ہند کے طے شدہ معاہدے اور بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر کے ایک بڑے حصہ پر قبضہ کرکے نا جائزتسلط قائم کیا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا یوم سیاہ درحقیقت اقوام عالم کے لیے یوم سیاہ ہے کہ جنہوں نے لاکھوں شہادتوں اور خواتین کی بے حرمتی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر کان دھرنے اور نہ ہی بھارت کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوایا۔
انہوںنے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے وکیل کا کردار ادا کیا ہے، صرف ضرورت ہے کہ باہمی مسائل میں الجھنے کی بجائے ہم ان حقیقی مسائل پر توجہ دیں جن میں کشمیر اور فلسطین سرفہرست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا ہے اور یہ روایت ہمیشہ برقرار رکھی جائے گی۔ ظلم چاہے کشمیر میں ہو یا فلسطین میں ، ہمارے لیےناقابل برداشت ہے ۔