وحدت نیوز (راولپنڈی) سانحہ شکار پور میں معصوم انسانی جانوں کا ضیاع حکومتی بے حسی اور نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ دہشت گردی کے پہ در پہ واقعات نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ملکی سیکورٹی ادارے اور انتظامیہ مکمل طور پر مفلوج ہو چکی ہے۔ایسی حکومت کو فورا مستعفی ہو جانا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی کے ضلعی سرپرست نے سانحہ شکار پور کے خلاف پریس کلب راولپنڈی کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔اگر ملت تشیع کے افراد کی لاشیں گرانے کا یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو پھر پاکستان کے پانچ کروڑ سے زائد شیعہ سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ ایم ڈبلیو ایم کے ضلع جنرل سیکریٹری سید ساجد شیرازی نے کہا ہے کہ حکومت کی پشت پناہی میں پلنے والے یہ ملک دشمن عناصر ملکی سلامتی و بقا کے ازلی دشمن ہیں ان کو سرعام چوراہوں پر پھانسی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد،امام بارگاہوں اور مقدسات کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ہم حکومت سے نہ صرف مطالبہ کرتے ہیں بلکہ تنبیہ کرتے ہیں کہ قاتلوں کے ساتھ لچک کا رویہ نہ اپنائے۔اگر حکومت ملک میں امن کی حقیقی خیر خواہ ہے تو وطن عزیز سے ان ناپاک عناصر کا فوری اور مکمل صفایا کیا جائے۔احتجاجی مظاہرہ سے ان مقررین کے علاوہ مولانا ظہیر سبزواری، مولانا سلیم حیدراور مولانا شاکر نے بھی خطاب کیا۔مظاہرین نے پریس کلب تا مری روڈ ریلی بھی نکالی ۔مظاہرہ میں سینکڑوں افرادنے شرکت کی اور دہشت گردی اور حکومت کے خلاف نعرے بھی لگائے۔