وحدت نیوز (حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدرآباد کے زیر اہتمام سانحہ کوئٹہ اور زیارت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے دہشتگردی کیخلاف بھرپور نعرہ بازی کی۔ مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکرٹری جنرل مولانا امداد علی نسیمی، مولانا گل حسن مرتضوی، سیکرٹری میڈیا سیل عاصم مرزا، میڈیا سیکرٹری اور آفس سیکرٹری اجمل مہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کی وجہ سے ملک اور عوام خون و خاک میں غلطاں ہیں اور تمام سیاسی پارٹیاں اقتدار کی بندر بانٹ میں مصروف ہیں۔ دہشت گرد ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں اور پاکستان کے عوام کو مختلف عنوانوں کے تحت موت کے گھاٹ اتارا جار ہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آثار قدیمہ اور مقدسات کی توہین کی جا رہی ہے جس کی تازہ مثال کوئٹہ اور زیارت کے حالیہ واقعات ہیں۔ زیارت میں قائد اعظم کی رہائش گاہ کو مسمار کیا گیا۔ جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ کوئٹہ تو کئی سالوں سے دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے جس میں شیعہ، سنی محب وطن عوام کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے۔ آخر حکمران ان دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کرتے؟ ان کالعدم تنظیموں پر پابندی لگا کر انہیں عوام کے سامنے واضح کیوں نہیں کرتے؟ ان کے ساتھ مذاکرات کیوں کیے جا رہے ہیں۔