وحدت نیوز (کراچی) ملک بھر کی طرح آج شہر کراچی میں بھی شیعہ عمائدین بشمول شیعہ وکلاء،ڈاکٹرز ،انجینئر،علماء، نوجوان سمیت معصوم بچوں کے قتل عام کے خلاف یوم سوگ اور یوم احتجاج منایا گیا اور شہر بھر کی جامع مساجد بشمول جامعہ مسجد حسینی برف خانہ ملیر،گلشن حدید،لانڈھی بابر مارکیٹ،ڈرگ روڈ مسجد یثرب گلشن اقبال سمیت کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ،جبکہ مرکزی احتجاجی ریلی مسجد خراسان نمائش چورنگی سے نکل کر کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی ۔
کراچی میں جاری شیعہ عمائدین کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کے خلاف نکالی گئی احتجاجی ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی کی سیکرٹری جنرل مولانا صادق رضا تقوی نے کی جبکہ احتجاجی ریلی میں شریک مظاہرین نے ہاتھوں میں سرخ اور سیاہ پرچم اٹھا رکھے تھے جن پر یا حسین اور یا عباس لکھا ہوا تھا جبکہ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردی نا منظور، شیعہ عمائدین کے قاتلوں کو گرفتار کرو، کراچی میں طالبان دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن کیا جائے،امریکہ مردہ باد اور اسرائیل منظور کے نعرے درج تھے۔
شیعہ عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف نکالی جانے والی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی کے سیکرٹری جنرل مولانا صادق رضا تقوی ،مولانا علی انور جعفری،مولانا حسین کریمی،مولانا باقر زیدی،مولانا حیدر عباس عابدی، مولانا منور نقوی ،مولانا اصغر شہیدی،علامہ مبشر رضا،علامہ اصغر زیدی ، عقیل عباس ، آصف صفوی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر بھر میں معصوم انسانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے ارو سفاکیت کی تاریخ رقم کی جا رہی ہے لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے ہاتھوں پر ہاتھ دھرے تماشا دیکھ رہے ہیں جبکہ درجنوں شیعہ رہنماؤں اور عمائدین کے قاتل خود پولیس کی وردی میں پناہ لئے ہوئے ہیں جو قانون نافذ کرنیو الے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
رہنما ؤں نے کہا کہ وزیرستان میں ایک ملالہ پر حملہ ہوا تو پوری دنیا چیخ اٹھی کیونکہ اس میں امریکی مفادات پنہاں تھے لیکن یہاں پاکستان کے ہر شہر میں روزانہ درجنوں ملالاؤں کو موت کی نیند سلا دیا جاتا ہے لیکن انسانی حقوق کے اداروں سمیت کسی کے کانوں تک ان مظلوموں کی چیخوں کی آواز نہیں پہنچتی ہے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام اور رہنماؤں نے افواج پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اگر شہر کراچی میں طالبان دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن شروع نہ کیا گیا تو ملک بھر میں احتجاجی دھرنوں کا با ضابطہ سلسلہ شروع کر دیں گے اور حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت اور قانون نافذ کرنیو الے اداروں پر عائد ہو گی۔ا س موقع احتجاجی ریلی کے شرکای ،امریکہ اور اسرائیل سمیت ان کے مقامی ایجنٹوں کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔