وحدت نیوز(حیدرآباد) شکارپور میں شہید علامہ شفقت عباس کے قاتلوں کی عدم گرفتاری اور سندھ پولیس کی طرف سے ایم ڈبلیوایم سکهر، شکارپور اور بدین کے عہدیداران اور عزاداروں کے خلاف جهوٹی ایف آئی آر کاٹنے پر سندھ حکومت اور آئی جی سندھ پولیس کے خلاف مجلس وحدت مسلمین حیدرآباد کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ قدم گاہ مولانا علی (ع) پر بعد از نماز جمعہ منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب مولانا گل حسن مرتضوی نے کیا جبکہ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریڑی جنرل عالم کربلائی سمیت شرکاء کی بھی بڑی تعدادبھی موجود تھی۔ اپنے خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے ابھی تک علامہ شفقت عباس مطہری کے قاتلوں کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی جبکہ انتظامیہ شہادت کے خلاف احتجاج کرنے والے پر امن مظاہرین کے خلاف ہی مقدمات بنا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کی حکومت نے یہ روش جاری رکھی تو سندھ حکومت کے خلاف صوبے بھر میں بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں گے۔