وحدت نیوز ( ٹھٹھہ ) سندھ حکومت کی جانب سے ضلع ٹھٹھہ کو دو اضلاع میں تقسیم کر کے سجاول اور ٹھٹھہ کو علیحدہ علیحدہ اضلاع کی شکل دیئے جانے کے ممکنہ فیصلے کے پیش نظر پاکستان فشر فوک فورم ٹھٹھہ کے زیر اہتمام ٹھٹھہ پریس کلب میں آل پارٹیز کانفرنس طلب کی گئی جس میں ٹھٹھہ کی تمام چھوٹی بڑی سیاسی مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی ،مجلس وحدت مسلمین ضلع ٹھٹھہ کے سکریٹری جنرل مختیار احمد دایو، خلیل کھتری، عادل جعفری، فیاض شیخ اور فرحت عباس کھوسو نے بھی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا ،مختیار دایو نے کہا کہ سجاول ضلع بننا چاہئے کیونکہ ہمارے دور دراز کے لوگوں کو مکلی کی دفاتر بہت دورپڑتے ہیں اور کرائے مہنگے ہوتے ہیں، اور اس کے علاوہ ہر قسم کی سہولت ان کو اپنے ضلع میں میسر آجائے گی ، اس سے بڑھ کر علاقے کے غریب عوام کی خواہش ہو گی ، یہ فیصلہ ٹھٹھہ کی عوام کی امنگوں کے عین مطابق ہے اور ہم ضلع ٹھٹھہ کی دو حصوں میں تقسیم کے فیصلے کی بھر پو ر حمایت کر تے ہیں ۔