وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مولانا مختارامامی کی قیادت میں صوبہ سندھ اور کراچی ڈویژن کے رہنماؤں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح رحمة الله علیہ کے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع پر قائد اعظم کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ پھولوں کا گلدستہ بھی مزار پر رکھا گیا اور پاکستان کے سترویں (70ویں) یوم آزادی پر مملکت خداداد کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ وفد میں علمائے کرام بشمول مولانا علی انور جعفری، مولانا نشان حیدر ساجدی، مولانا صادق جعفری، مولانا احسان دانش، مولانا اسحاق قرائتی، مولانا غلام محمد فاضلی و دیگر جبکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے عالم کربلائی، علی حسین نقوی، ناصر حسینی اور کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل میثم عابدی سمیت مبشر حسن اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر علمائے کرام سمیت دیگر رہنماؤں نے پاکستان زندہ باد، پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے کے شعار بلند کئے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن و امان کی بحالی کیلئے ہمیں قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار کی ترویج کرنی ہوگی اور اس پاکستان کی داغ بیل ڈالنی ہوگی جس کا خواب قائداعظم اور علامہ اقبال نے دیکھا تھا، ہمیں چاہیئے کہ جناح اور اقبال کے پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرنے کیلئے اپنا حصہ ڈالیں اور حکمران دہشت گردوں کے خلاف پورے ملک میں آپریشن کے آغاز کا اعلان کریں۔