وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی نے وحدت ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ ناظم آباد میں مجلس عزاء پر ہونے والے حملے میں 4 شہادتوں اور خواتین کے زخمی ہونے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ کے کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، سندھ پولیس اور انتظامیہ دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، کالعدم تنظیموں کی سرپرستی اگر بند نہ کی گئی تو مزید سنگین سانحات رونما ہونے کے امکانات موجود ہیں، کراچی میں قیام امن کی خاطر ملت جعفریہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے برابر کی قربانیاں دی ہیں، سندھ کی حکومت کا دہشت گردوں کے لئے نرم گوشہ ان قربانیوں کی ضیاع کا باعث بن رہا ہے، اگر حکومت سندھ نے دہشت گردوں کے خلاف کوئی سنجیدہ کارروائی نہیں کی تو پھر مجلس وحدت مسلمین سندھ بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوگی۔