وحدت نیوز (گھڑی خیرو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے پیغام کربلا مہم کے سلسلے میں گڑہی خیرو مرکزی امام بارگاہ میں اجتماع سے خطاب کیا اور پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی کرپشن نے ملکی جڑوں کو کھوکھلا کرکے رکھ دیا ہے۔ کرپشن میں ملوث وزیراعظم ملک چلانے کا اہل نہیں اسے استعفا دینا چاہئے، ملک سے کرپشن اور دھشت گردی کا خاتمہ از بس ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز حکومت ، ملت جعفریہ کے خلاف دھشت گردی کا سلسلہ روکے، کراچی میں مجلس عزا پر حملہ دھشت گردی کی بدترین قسم ہے۔ فوجی عدالتوں کے باوجود ملک بھر میںدھشت گرد آزاد دندناتے پھر رہے ہیں ، آخر انہیں پھانسی کیوں نہیں دی جاتی۔جن لوگوں نے ملک میں دھشت گردی اور تکفیری سوچ کو فروغ دیا ان کے ساتھ حکمران اور ریاستی ادارے آج بھی انتہائی مہربان ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت زائرین کے ساتھ تعاون کرے، ان زائرین کی سیکورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ تفتان بارڈر پر زائرین کو کئی دن روکا جارہا ہے جبکہ وہاں سہولیات کا بھی فقدان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور سندہ حکومت صوبے میں موجود دھشت گردی کے مراکز اور ٹریننگ کیمپس کے خلاف آپریشن کلین اپ کا آغاز کریں۔وزیر اعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری سانحہ چھلگری متاثرین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ ایک سال ہوگیا مگر سانحہ میں ملوث مجرم بے نقاب نہ ہوئے یہ بات المیے سے کم نہیں۔