وحدت نیوز(بدین) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی (پیغام کربلا و بیداری ملت مہم) کے سلسلے میں بدین پہنچے تو سینکڑوں مومنین نے ضلعی سیکریٹری جنرل مولانا سید نادر علی شاہ کی قیادت میں ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر ٹنڈو غلام علی ، تلہار، گولاڑچی اور بدین میں مجالس عزا اور عوامی اجتماعات منعقد ہوئے ۔ بدین میں عوام کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ حسینیت کی چودہ سو سالہ تاریخ عزت و وقار اور دین خدا کے لئے قربانیوں سے عبارت ہے۔ ہم نے باطل کے آگے سر جھکانے پر سر کٹانے کو ترجیح دی، آج بھی علامہ عارف الحسینی ؒ سے لے کر باقر النمر ؒ تک سینکڑوں عاشقان خدا، یزیدیت کے مقابل ایثار و شہادت کی مثال ہیں۔ ہم اپنے اسلاف کی راہ پہ ثابت قدمی دکھائیں گے، قائد شہید ؒ کے باوفا بیٹے ان کی راہ ، اور ان کی شمع کو بجھنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تکفیری سوچ امن عالم کے لئے خطرہ ہے جس کی پشت پر امریکہ اسرائیل اور عالمی سامراج ہے، جبکہ نظام ولایت امن عالم کی ضمانت ہے۔ ملت جعفریہ کے قاتلوں کو تحفظ دینے کے لئے ظالمانہ بیلنس پالیسی اختیار کی گئی جس کا مقصد آل سعود اور امریکہ کو خوش کرنا ہے۔ لشکر جھنگوی قوم شیعہ کے علاوہ پولیس اور فوج سمیت ریاستی اداروں کے قتل عام میں ملوث ہے پھر بھی لشکر جھنگوی کے بانی اور سرپرست ن لیگ کے دوست اور ریاستی اداروں کے پسندیدہ لوگ ہیں۔ اب یہ بات سمجھنا کوئی زیادہ مشکل نہیں رہی کہ آخر ملک سے دھشت گردی ختم کیوں نہیں ہورہی۔
ملت جعفریہ کے قاتلوں کو تحفظ دینے کیلئے ظالمانہ بیلنس پالیسی اختیار کی گئی جس کا مقصد آل سعود اور امریکہ کو خوش کرنا ہے،علامہ مقصودڈومکی