وحدت نیوز (جامشورو) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندہ کے سیکر یٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی کی دعوت پر سندہ سطح کی جماعتوں اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، اور اصغریہ علم و عمل تحریک کا اہم اجلاس مرکز تحقیقات و تبلیغات اسلامی جامشورو میں منعقد ہوا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین، ملت جعفریہ کے اتحاد اور وحدت کے لئے کوشاں ہے، یہ اتحاد الٰہی اصولوں کے فروغ اور ملت کی سربلندی کے لئے ہونا چاہئے۔سندہ سطح کی تمام شیعہ تنظیمیں متحد ہوکر ملت کے مسائل و مشکلات حل کریں، اس سلسلے کا یہ پہلا مشاورتی اجلاس ہے، آئندہ اجلاس ان چار شیعہ تنظیموں کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوگا، جس میں ملت کی تمام تر تنظیموں کو دعوت دی جائے گی۔
اس موقع پر اصغریہ آرگنائزیشن کے مرکزی نائب صدر ساجد علی مہدوی، برادر اللہ بچایومنتظری ، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی جنرل سیکریٹری غلام سرورسومرو، اصغریہ علم و عمل تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید پسند شاہ رضوی، سید خادم حسین شاہ اور ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء شفقت علی لانگاہ نے کہا کہ ملت کی سربلندی، مشترکہ مقاصد کے حصول اور مسائل کے حل کے لئے سندہ سطح کی تمام شیعہ تنظیموں کا اتحاد نا گزیر ہے، اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین نے پہل کی ہے جو قابل ستائش ہے۔ اجلاس میں مشترکہ طور پر طے پایا کہ تمام تنظیموں کو دعوت دینے کے بعد سب کی مشاورت سے فورم کا نام، اہداف اور جدوجہد کا طریقہ کار طے کیا جائے گا۔
مشترکہ مقاصد کے حصول اور مسائل کے حل کیلئےسندہ سطح کی تمام شیعہ تنظیموں کا اتحاد نا گزیر ہے،شیعہ تنظیمات