وحدت نیوز(کنب) مجلس وحدت مسلمین کنب ضلع خیرپور کے زیراہتمام عید میلاد النبی ﷺ و ھفتہ وحدت کے سلسلے میں عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال، صوبہ سندہ کے سیکر یٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی، علامہ محمد نقی حیدری، برادر یعقوب حسینی، میر ڈنل ٹالپر، اہل سنت کے عالم دین متولی درگاہ عاشق علی شاہ سید طاہر علی شاہ نے کی۔ ریلی کے اختتام پر جامعہ امام علی ؑ کنب میں عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی، جس میں بزرگ عالم دین شورائے علام کے رکن علامہ حیدرعلی جوادی، علامہ احمد علی طاہری و دیگر شریک ہوئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ شکارپور کے بعد حیدر آباد جیسے پر امن شہر میں خودکش حملہ آور کا آنا سب کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ مجلس وحدت مسلمین، اتحاد امت کی علمبردار، ملت جعفریہ کی نمائندہ ، ملک گیر جماعت ہے ،جس نے بے خوف ہوکر دھشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کیا۔ حیدرآباد میں دھشت گردی اور مذھبی منافرت کے خلاف لبیک یارسول اللہ ﷺ کانفرنس تاریخی اہمیت کی حامل ہوگی۔ ہم ملک میں امن کے فروغ اور اتحاد بین المسلمین کے لئے سر گرم عمل ہے ۔خیرپور انتظامیہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ملت جعفریہ کے آئینی حقوق اور مذہبی آزادیوں کا احترام کرے اور کالعدم دہشت گرد جماعت کے خلاف گھیرا تنگ کرے ۔ہمیں سندہ کے مختلف اضلاع خصوصا خیر پور میں دہشت گردوں کی فعالیت اور مراکز کی نفرت انگیز سر گرمیوں پر بھی تشویش ہے۔