وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکریٹری سیاسیات سید علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی سمیت صوبے بھر میں یوم شہادت حضرت امام علیؑ کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائے، ایام شہادت امام علیؑ کی مناسبت سے ہونے والے عزاداری کی مجالس و جلوس ہائے عزاء کے دوران صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات کئے جائیں اور کے الیکٹرک کو عزاداری کے اجتماعات کے دوران بلاتعطل بجلی فراہمی کا پابند کیا جائے، وہ وحدت ہاؤس سولجر بازار میں صوبائی پولیٹیکل کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی حسین نقوی نے کہا کہ سندھ حکومت یوم علیؑ کی مناسبت سے کراچی سمیت صوبے بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف بہترین انتظامات کرے اور عزاداران کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ عزاداری کے اجتماعات اور جلوس ہائے عزاء کے دوران صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھتے ہوئے مؤثر انتظامات کئے جائیں، صوبائی و مقامی انتظامیہ پانی و بجلی کی سپلائی، سڑکوں کی مرمت اور دیگر سہولیات کو یقینی بنائیں، تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
علی حسین نقوی نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ یوم علیؑ کی مناسبت سے منعقد ہونے والے عزاداری کے اجتماعات کے دوران بلاتعطل بجلی فراہمی کیلئے کے الیکٹرک کو پابند کیا جائے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے، لوڈشیڈنگ کے فائدہ اٹھاتے ہوئے انتہاپسند عناصر کسی بھی دہشتگردانہ کارروائی میں خدانخواستہ کامیاب ہوئے، تو اس کی تمام تر ذمہ داری سندھ حکومت اور کے الیکٹرک پر عائد ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مقدس ایام میں ہمیں صبر و تحمل اور برداشت سے کام لینا ہوگا، عوام پُرامن رہیں اور تمام مکاتب فکر کے مسلمان مجالس شہادت حضرت علیؑ اور جلوس ہائے عزاداری میں بھرپور شرکت کریں، انشاءاللہ اسلام و ملک دشمن انتہاپسند قوتیں اپنی تمام تر سازشوں میں ناکام ہونگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام علیؑ کی ذات گرامی بلاتفریق رنگ و نسل انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے، لہٰذا ہمیں آپ کے مقدس پیغام کو عام کرنا ہوگا، تاکہ دنیا اس سے فیضیاب ہو سکے۔