وحدت نیوز(اندرون سندھ) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام یوم القدس کے موقعہ پر کرکراچی، حیدر آباد،نواب شاہ ،قاصی احمد ،بدین ،ماتلی ،سجاول ،ٹھٹھہ ،خیرپور،رانی پور ،سکھر ،شکارپور،خیرپورناتھن شاہ سمیت صوبہ سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالیں گئیں۔جن کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی و صوبائی رہنماوں بشمول علا مہ مختار امامی، مقصود علی ڈومکی ،علامہ نشان حیدر ،مولانا دوست علی سعیدی ،علامہ مبشر حسن ،علامہ علی انور،علامہ نقی حیدری ،یعقوب حسینی ،عالم کربلائی ،اکبر شاہ ،شفقت لانگا،مختار دایو،ایڈوکیٹ رحمان شاہ،میثم عابدی ،رضا نقو ی نے کی۔ریلیوں کے دوران شرکا ء نے بینرز اٹھارکھے تھے جن پر اسرائیل و امریکہ مخالف نعرے درج تھے۔قائدین نے اپنے خطابات میں صیہونی مظالم پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے بیت المقدس کی آزادی کے لیے امت مسلمہ کی مشترکہ جدوجہد کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ قبلہ اول پر اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ امت مسلمہ کی قوت ایمانی پر کاری ضرب ہے۔عالم اسلام کو اپنے مقدسات کی حفاظت کو مقدم رکھنا چاہیے۔اس وقت عالم اسلام استعماری قوتوں کے نشانے پر ہے۔یہود و نصاری کے مفادات اور اہداف مشترک ہیں۔تاریخ کے اس نازک دور میں مسلمان حکمرانوں کو اعلی بصیرت اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔اسرائیل نے فلسطین کے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے لیکن مسلمان ممالک اسرائیل کے اس جارحانہ طرز عمل کے خلاف کسی غیرمعمولی ردعمل کا اظہار کرنے کی بجائے اس کے ساتھ کاروباری رابطے استوار کرنے میں مصروف ہیں جو نا صرف اخلاقی تنزلی ہے بلکہ حکم ربانی سے بھی صریحاََ انحراف ہے۔اسرائیل کی بجائے مسلمان ممالک کے خلاف عرب ممالک کا اتحاد ان کی ترحیجات اور اہداف کو سمجھنے کے لیے کافی ہے۔انہوں نے کہا کہ امام خمینی کے حکم کے مطابق یوم القدس مظلوموں کی حمایت کا عالمی دن ہے۔ دنیا کا ہر ذی شعور جو ظلم کو انسانی تقاضوں کی توہین سمجھتا ہے وہ اس دن کی حمایت میں آواز بلند کرتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں اور بیت المقدس پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف آج ملک بھر میں مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔