وحدت نیوز(کراچی) سانحہ پارہ چنار کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام آج ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔شہر قائدمیں مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد نورایمان ناظم آباد کے باہر منعقد کیا گیاآئمہ مساجد نے جمعہ کے خطبات میں سانحہ پارہ چنار پر حکومتی بے حسی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارا چنار کے معاملے پروزیر اعظم کی خاموشی تکفیری قوتوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے ہے۔ریاست کے شہریوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔جو حکومت عوام کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی اس کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔اگر پارا چنار کے لوگوں کے مسائل کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جاتا تو آج اس علاقے کو دہشت گردی کا المناک واقعات کاسامنا نہ کرنا پڑتا۔پارہ چنار کے عوام سے حب الوطنی کی بھار ی قیمت وصول کی جا رہی ہے۔نماز جمعہ کے بعدمرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد نورایمان ،جامع مسجد دربار حسینی ملیر،جامع مسجد حسینی ماروی گوٹھ ،جامع مسجد مصطفیٰ عباس ٹاون ،جامع مسجدحیدری اورنگی ٹاون جن میں سینکڑوں کی تعداد دمیں لوگوں نے شرکت کی۔شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پارا چنار کی عوام کی حمایت اور حکومت کے خلاف نعرے درج تھے جس کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں نے کی۔
مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مرزا یوسف حسین ،علامہ نثار قلندری ،علامہ نشان حیدر ساجدی، علامہ زاہد حسین ہاشمی ،علامہ صادق جعفری ،علامہ مبشر حسن ،علی حسین نقوی ،علامہ علی انور،علامہ سجاد شبیر،علامہ اظہرحسین نقوی نے کہا نواز شریف نے پارا چنار کو نظر انداز کر کے وزارت عظمی کے عہدے سے غداری کی ہے۔وزیر اعظم کا تعلق کسی مخصوص فکر یا طبقے سے نہیں ہوتا بلکہ پورے ملک کی عوام سے ہوتا ہے۔پارا چنار کے لوگوں کی تضحیک ناقابل برداشت ہے پارا چنار کے لوگ مظلوم ہیں مگر حق کے لیے آواز بلند کرنا جانتے ہیں۔ ان مظلومین کی آواز کو طاقت یا اختیارات کے ناجائز استعمال سے دبایا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے اور پارا چنار کے عوام اپنے آئینی حق کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ہم پورے عزم کے ساتھ ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ان کے مطالبات کی منظور ی بغیر ہم اپنے اصولی موقف سے ایک انچ پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارا چنار جا کر یہ ثابت کیا ہے انہیں عوامی مسائل کا بخوبی درک ہے۔دہشت گردی کے خلاف ان کی بلاتفریق کوششیں لائق ستائش ہیں۔