وحدت نیوز(کراچی) پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان نے پانی چوری سے روکنے پر مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر جوگی موڑ یونٹ کے سیکریٹری جنرل ندیم حسین حاجانواور سجاد حسین پر قاتلانہ حملہ کردیا ، نیم مردہ حالت میں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور UC-24چوکنڈی بن قاسم کے نائب ناظم عبدالرشید پہنورکی پشت پناہی میں پیپلز پارٹی کے کارکن نعیم پہنور، ثناءاللہ پہنور، سعیدپہنور،جمیل پہنورنے رات کی تاریکی میں پانی کے لائن میں غیر قانونی کنکشن لینے کی کوشش کی جس پر ایم ڈبلیوایم کے رہنما ندیم حاجانواور سجاد حسین نے انہیں روکنے کی کوشش کی جس پر پیپلز پارٹی کے مذکورہ کارکنان نے بیلچوں سے جان لیواوارکرکے ندیم حاجانواور سجاد حسین کو شدید انداز میں زخمی کردیا جس کے باعث ندیم حاجانوکے سر میں شدید چوٹیں آئیں اور ان کے سر کی ہڈی کئی جگہ ٹوٹ گئی اور انیس ٹاکے آئے دونوں زخمیوں کو فوری طور پرجناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز ان کی جان بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ، واقعہ کے بعد ایم ڈبلیوایم کے کارکنان میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے، ایم ڈبلیوایم کے کارکنان نے پی پی پی کے حملہ آور کارکنان کے خلاف مقامی تھانے میں ایف آئی درج کروادی ہےمگر تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
ایم ڈبلیوایم کے صوبائی رہنما علامہ نشان حیدر ساجدی نے کہا ہے کہ نائب ناظم رشید پہنور حملہ آوروں اور علاقے کے جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی اور انہیں تحفظ فراہم کرنے میں مصروف ہے،جبکہ حملہ آوروں نے الٹی ایم ڈبلیوایم کے نہتے اور زخمی کارکنان کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی جس کا کوئی جواز ہی نہیں پیدا ہوتا،چند ماہ قبل مسجد وامام بارگاہ شاہ نجف میں کچھ لٹیرے داخل ہوئے تھے اور انہوں نے وہاں موجودنمازیوں کو لوٹنے کی کوشش بھی کی تھی جنہیں عوام نے جان پر کھیل کر گرفتار کروایا ان کے پیچھےبھی یوسی نائب ناظم کا ہاتھ نکلا تھا، انہوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے واقعے میں ملوث مجرموں کی فوری گرفتاری اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے پی پی پی میں موجود ان جرائم پیشہ عناصر اور ان کے پشت پناہ کرپٹ نائب یوسی ناظم کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ، بصورت دیگر ایم ڈبلیوایم کے کارکنان نیشنل ہائی وے بلاک کرکے احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔