وحدت نیوز( کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا ہے کہ ربیع الاول کا مقدس مہینہ سیدالانبیاء ﷺ کی ذات گرامی سے منسوب ہے ، ہمیں اس مہینے میں اپنے کردار کو سیرت نبوی ﷺ کی روشنی میں ڈھالنا ہوگا۔ سیرت نبوی، عصر حاضر کی تاریکیوں میں نور کی کرن بن کر ہمارے کردار کی تعمیر کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول کے موقع پر عیدمیلاد النبی ﷺ اور ھفتہ وحدت کی مناسبت سے سندہ کے مختلف اضلاع میں خصوصی تقاریب منعقد کی جائیں گی،انہوں نے کہا کہ ھفتہ وحدت کے موقع پر ہمیںشیعہ سنی وحدت کے سلسلے میں خصوصی تاکید کرنا ہوگی، کیونکہ اسلام دشمن سامراجی قوتیں شیعہ سنی وحدت سے خائف ہیں، اسی لئے مسلمانوں کے درمیان نفرت کی آگ جلانا اسلام دشمن سامراج کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔ حضرت امام خمینی ؒ کے فرمان کی روشنی میں ھفتہ وحدت کو اتحاد بین المسلمین کے طور پر منایا جائے گا۔آج امت مسلمہ کو اسلام دشمنوں کی جانب سے نت نئی سازشوں کا سامنا ہے۔ داعش کی شکست کے بعد شیطانی قوتیں کسی نئی سازش کی تیاری میں مصروف ہیں۔ قوموں کی بیداری اور وحدت دشمن کے عزائم خاک میں ملادے گا۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی کی رہائی کے سلسلے میں ریاستی اداروں کو اپنی ذمہ داریاں پورا کرنا ہوں گی۔ ریاست کا بنیادی فرائض میں شامل ہے کہ وہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے۔