وحدت نیوز (شہدادکوٹ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے شہدادکوٹ میں ضلعی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت عوامی نفرت اور غیظ و غضب کے نشانے پر ہے، ن لیگ کے وزراء اور اراکین اسمبلی عوام کے خوف سے گھروں میں محصور ہوچکے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی کے اغوا سمیت ن لیگ حکومت کی نا اہلی کی فہرست بہت لمبی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے اپنی انقلابی جدوجہد کے ذریعے ملک میں جاری سامراجی مداخلت اور عالمی سامراج کے مقامی ایجنٹوں کو بے نقاب کیا، آل سعود کے اسلام دشمن اور انسانیت دشمن کردار سے پردہ ہٹا کر دھشت گردوں کے تمام سرپرستوں کو بے نقاب کرنا ایم ڈبلیو ایم کا نا قابل فراموش کارنامہ ہے۔ حق وصداقت کی راہ میں قربانی کی ایک مثال سیدناصر عباس شیرازی کا اغوا ہے۔ْ
انہوں نے کہا کہ سندہی ثقافت کا دن منانا خوش آئند ہے مگر سندہ کی ثقافت حیا اور عفت کا پیغام ہے۔ ٹوپی اور اجرک کے ساتھ ساتھ خواتین کا دوپٹہ اور حجاب بھی ہماری ثقافت کا لازمی جز ہے۔ خوشحال سندہ اور خوشحال پاکستان ہمارا خواب ہے، ہم قائد کے خواب کی تعبیر کے لئے میدان عمل میں ہیں۔ اس موقعہ پر ضلعی شوریٰ نے کثرت رائے سے مولانا امیر حسین لغاری کو ضلع شہدادکوٹ کے لئے ضلعی سیکریٹری جنرل منتخب کرلیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری جنرل نے چند روز قبل زخمی ہونے والے ایم ڈبلیو ایم کارکن مختار حسین کے گھر جاکر ان کی عیادت کی اس موقع پرصوبائی سیکریٹری عزاداری سید اکبر علی شاہ ، مولانا ممتاز علی ایمانی و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر موجود شیعہ اکابرین اور تنظیمی رہنماؤں نے واقعہ کی تفصیلات اور کیس کی موجودہ صورتحال اور تکفیری دھشت گردوں کی فعالیت سے صوبائی سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا۔