وحدت نیوز(جیکب آباد ) جیکب آباد میں خواہران و برادران کی دینی تعلیم و تربیت کے لئے جامعہ خاتم النبیین ص اور مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ ؑ کے زیر انتظام پچیس روزہ (اسلام شناسی تربیتی ورکشاپ) منعقد کی گئی۔ اسلام شناسی کورس کے اختتام پر بہتر کارکردگی کے حامل طلبہ و طالبات کے اعزاز میں مرکزی امام بارگاہ میں تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی تعلیم و تربیت میں خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، ہمارے علاقے میں خواتین میں دینی تعلیم و تربیت کی بہت زیادہ کمی ہے۔ اسی اہمیت اور ضرورت کے پیش نظر جیکب آباد میں پچیس روزہ ورکشاپ کا انعقاد قابل تحسین اقدام ہے۔ دینی تعلیم و تربیت کے حوالے سے تربیتی ورکشاپش کا انعقاد انہائی مفید ہے۔ قرآن کریم کی پہلی وحی کا آغاز اقرء سے ہوا جو تعلیم کی اہمیت کو بیان کرتا ہے۔
اس موقع پرانہوں نے بتایا ورکشاپ میں وضو، نماز، تجوید قرآن کریم، غسل میت، کفن کاٹنے اور پہنانے کا طریقہ، امام شناسی، حالات حاضرہ ،مختصر تاریخ آئمہ ھدیٰ ؑ اور اخلاق کے موضوع پر درس منعقد ہوئے۔ اس موقع پر علامہ مقصودعلی ڈومکی ،سیدفضل عباس شاہ، مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی رہنماء علامہ سیف علی ڈومکی، نثار احمد ابڑونے بہتر پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔