وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کی جانب سے حالیہ قومی انتخابات میں حلقہ پی ایس 89 میں شب وروز انتخابی مہم میں مصروف عمل رہنے والے کارکنان اور عہدیداران کی حوصلہ افزائی کے لئے ضلعی سیکریٹریٹ وحدت ہاؤس جعفرطیار میں اجتماعی دعائے توسل اور عشائیے کا اہتمام ، دعا کی تلاوت ڈویژنل رہنما علامہ نشان حیدر نے کی جبکہ عشائیے کے مہمان خصوصی اور مقرر ایم ڈبلیوایم اور پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار سید علی حسین نقوی تھے۔
اس موقع پر علی حسین نقوی نے 25 مارچ کو الیکشن ڈے پر شاندار کارکردگی کے مظاہرہ کرنے پر تمام حاضرین اور شدید گرمی اور قطاروں میں طویل انتظار کے باوجود ہزاروں ووٹوںکے زریعےاعتماد کااظہار کرنے پر اہلیان جعفرطیار کو خراج تحسین پیش کیا ،انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد جاری ہے ،انتخابی بے ضابطگیوں کے ٹھوس شواہد کے ساتھ الیکشن کمیشن سے رجوع کررہے ہیں،انشاءاللہ حلقہ پی ایس 89 کے ووٹرز کے مینڈیٹ پر کسی کو شب خون مارنے نہیں دیں گے، اسمبلی کی نشست ہمارے اور عوامی خدمت کے درمیان کی دیوار نہیں بنے گی، جب تک اختیار اور طاقت نہیں ملتی اپنے زور بازو پر عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں رہیں گے،علی حسین نقوی نے انتخابی نتائج میں تعطل پر اضطراب کا شکار اور ان کی کامیابی کیلئے شب و روز دعا گو اہلیان جعفرطیار سے جلد خصوصی ملاقات اور خطاب کا بھی اعلان کیا۔