وحدت نیوز(کراچی) سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی کشمیری مظلومین کی حمایت اور فاشسٹ ہندوستانی وزیراعظم مودی کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔مظاہرین انڈیا اور مودی کیخلاف نعرے اور کشمیری مظلومین سے اظہار یکجہتی کے لئے شعار بلند کر رہے تھے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لئے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اگر پاکستان پر جنگ مسلط کی تو یہ آخری جنگ ہو گی اور ہندوستان جنوبی ایشیاء کے نقشے سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے انشائاللہ مٹ جائے گا۔کراچی میں مرکزی مظاہرہ بعد نماز جمعہ جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد کے باہر منعقد کیا گیا جس سے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقرعباس زیدی، علامہ علی انور جعفری،مولانا زاہد ہاشمی و دیگر نے خطاب کیا۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ باقر زیدی کا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے ہندوستان اسرائیل کی طرح دنیا کے نقشے سے جلد مٹنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کی آزادی کے لئے ہر قسم کی قربانی کے لئے تیار ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم سندھ کے رہنماء علامہ باقر زیدی نے مزید کہا کہ اقوام عالم کی ہندوستانی ظلم بربریت پر خاموشی افسوسناک ہے۔ انکا کہنا تھا کہ کشمیر ہماری شہ رگ حیات ہے اس پر لگنے والے ہاتھ کو ہم کاٹ کر رکھ دینگے۔
علامہ باقر زیدی نے مزید کہا کہ کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو اندرونی مسئلہ کہ کر دنیا کو دھوکہ نہیں دے سکتا،ہندوستان کا یہ اقدام اقوام متحدہ کی قرارداوں کی مکمل خلاف ورزی ہے۔ علامہ علی انور جعفری نے کہا کہ مسئلہ کشمیراقوام متحدہ میں ایک حل طلب مسئلہ ہے، خطے پر جنگ کے خطرات منڈلا رہے ہیں دنیا کو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدہ صورت حال پر انتظار نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انڈیا پاکستان کے مابین جنگ ہوئی تو اس جنگ کی حدت کو پوری دنیا محسوس کریگی۔
مولانا زاہد ہاشمی نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں ہم پہلے بھی کشمیر کے لئے جنگ لڑ چکے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان کی غیور اور بہادر قوم اپنے مظلوم نہتے کشمیری بھائیوں کی حقوق کے لئے دوبارہ بھی قربانیاں دینے کے لئے تیار ہیں۔
دریں اثناء مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے ملک بھر کی طرح سند ھ کے مختلف اضلاع میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے منعقد کئے گئے جس میں سکھر چوہدر ی اظہر، خیرپور آغا منور جعفری، رانی پورمیں مولانا احمد علی،ٹھری میں مولا نبی بخش،شکارپورمیں فدا عباس، کنب میں مولانا نقی حیدری، جیکب آباد میں مرکزی ترجمان علامہ مقصودڈومکی،مولانا سیف علی،کشمور میں میر فائق،لاڑکانہ میں مولانا محمد علی، شھدادکوٹ میں سید علی اکبر، نواب شاہ میں مولانا سجادمحسنی، مٹیاری میں مولانا دوست علی، ٹنڈو الہیارمیں غلام رسول، ماتلی میں یعقوب حسینی،بدین میں مولا نا سید نادرشاہ، سجاول میں مظفر لغاری، ٹھٹھہ میں ڈاکٹر عبد الحسین،ٹنڈو محمد خان میں مولانا محمد بخش، عمرکوٹ میں راجا اسد،تھرمیں امیر سلطان، سانگھر میں کریم بخش،نوشہرہ میں و اسد علی، جامشورومیں سید غلام شاہ،دادو میں اصغر حسینی اورگھوٹکی میں مولانا معشوق قمی ودیگر نے خطاب کیا۔