وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے پولیٹیکل سیکریٹری سید علی حسین نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ حکومت ماتلی میں مذہبی انتہا پسندوں کی جانب سے اشتعال انگیزی کا فوری نوٹس لے۔ملت جعفریہ کی جانب سے خاموشی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کی کاوشوں و امن و امان کی صورتحال کو متاثر نہ ھونے دینے کی خواہش کو کمزوری ہرگز تصور نہ کیا جائے۔اگر شدت پسندوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قانون کا اطلاق نہ کیا اور انکے خلاف امن و امان میں خلل پیدا کرنے کے مقدمات درج نہ کیئے تو یہ شدت پسندوں کی حوصلہ افزائی کا باعث ھوگا جو وطن عزیز کے لیئے نقصان کا باعث ھوگا۔
انہوںنے مزید کہا کہ اتحاد بین المسلمین کے لئے شب و روز کوشاں یعقوب حسینی کے خلاف مذہبی انتہا پسندوں کے دباو ٔپر بے بنیاد الزامات کے تحت مقدمہ کے اندراج کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اسے فوری طور پر واپس لیئے جانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ماتلی کے مومنین صبر ضبط تحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ ملک کے باوفا فرزند ملکی سالمیت کے ضامن اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون رکھیں۔مذہبی انتہاء پسندوں کی جانب سے صوبہ سندھ میں انتشار پھیلانے کے عزائم کبھی پورے نہیں ھوں گے۔