وحدت نیوز(کراچی) متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے ڈپٹی کنوینر عامر خان کی قیادت میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقرعباس زیدی و دیگر رہنماؤں سےوحدت ہاؤس سولجر بازارمیں ملاقات کی ۔ملاقات میں ملکی موجودہ صوتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی عباس جعفری،اراکین رابطہ کمیٹی عبدالحسیب خان اور جاوید اختر جبکہ ایم ڈبلیوایم کے رہنماعلی حسین نقوی، علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری ،مولانا غلام عباس ،میر تقی ظفر ،عارف رضا و دیگرموجود تھے ۔
رہنماؤں کی ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کےڈپٹی کنوینرعامرخان نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت وطن عزیز میں مذہبی خلفشار پیدا کرنے کوششوں میں ہیں، اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے، ستر سالوں سے ہمارا بیرونی دشمن ملکی سلامتی کیخلاف سازشیں کررہا ہے، پاکستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے مجلس وحدت مسلمین کی کوششوں کو سراہتے ہیں اور انشاءاللہ ساتھ مل کر وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، ایم کیو ایم شہر قائد میں شیعہ سنی اتحاد وحدت کو قائم رکھنے کیلئے نکلی ہے، تمام مکاتب فکر کے علماء کے مشاورت کے بعد بہت جلد ایک بین المسالک اجلاس بلائیں گے تاکہ مملکت خداداد میں فرقہ واریت کو فروغ دینے والوں کی نفی ہوسکے، 10 محرم کے بعد شہر میں فرقہ واریت پھیلائی گئی، ملک بھر میں فرقہ واریت پھیلانے کی سازش ہورہی ہے، یزیدیت زندہ باد کے نعرے لگانے والے مسلمانوں کو تقسیم کرکے ملک کو عدم استحکام کی طرف لے جارہے ہیں، ہم حسینی ہیں اور یزیدی افکار کیخلاف میدان عمل میں موجود ہیں۔
کانفرنس سے خطاب میں علامہ باقر زیدی نے کہا کہ شہر قائد میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے کی جانے والی ایم کیو ایم کی کوشش کو سراہتے ہیں، ملک میں شیعہ سنی فسادات کرانے والوں کے چہرے بےنقاب ہورہے ہیں، عرب ممالک کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بعد پاکستان میں منظم انداز سے فرقہ واریت پھیلائی جارہی ہے، پاکستان بھر کے شیعہ سنی عوام اپنے ملک میں بیرونی ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے، امام حسین (ع) کی ذات تمام مسلمانوں کیلئے نکتہ وحدت ہے،سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلائی جارہی ہے، ملک بھر میں کالعدم جماعتوں کے جلسوں میں شیعہ کافر کے نعرے نیشنل ایکشن پلان کی کھلی خلاف ورزی ہے، آرمی چیف، وزیراعظم پاکستان پیٖام پاکستان کے بیانیئے کو عملی جامہ پہنائیں اور وطن عزیز کو فرقہ واریت کی آگ میں دھکیلنے والی کالعدم جماعتوں کی بیخ کنی کریں۔