وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے پولٹیکل سیکرٹری علامہ مبشر حسن نے شہر قائد میں لوٹ مار کی بڑھتی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑکوں پر دندناتے جرائم پیشہ افراد کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاؤس انچولی میں پولیٹیکل کونسل کے اجلاس کے سربراہی خطاب میں کیا۔ اجلاس میں مولانا حیات عباس، رضی حیدر رضوی، یعقوب شہباز، آصف صفوی، زین رضا سمیت دیگر ارکین موجود تھے۔
علامہ مبشر حسن نے کہا کہ لوٹ مار، قتل کی یومیہ اور ماہانہ وارداتیں نیا ریکارڈ قائم کر رہی ہیں، اسٹریٹ کرائم کی یومیہ وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی موجودہ حالات، سیاسی عدم استحکام، معاشی بحران، قدرتی آفات، بے پناہ مہنگائی، بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے تو دوسری جانب عوام اسٹریٹ کرائم کے عذاب میں مبتلا ہے۔
علامہ مبشر حسن نے مزید کہا کہ سڑکوں پر دندناتے اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں شہریوں کی قیمتی جانیں جارہی ہیں، رہزنی، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہریوں کا قتل عام ہورہا ہے، لوٹ مار کی وارداتیں پچھلی تمام حدیں پار کررہی ہیں اور جرائم کی روک تھام کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس، رینجرز و دیگر بے بس دکھائی دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کے روک تھام کیلئے سکیورٹی ادروں کی حکمت عملی کا گراف ڈاؤن ہے، ہر ماہ کے اختتام پر سی پی ایل سی کی رپورٹ جاری کر دی جاتی ہے جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکرگی کی قلعی کھولنے کیلئے کافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت متعلقہ ادارے مسلح ڈکیتیوں اور دیگر جرائم کی روک تھام کرے، جرائم پیسہ افراد کے خلاف قانون سازی کرکے سخت سے سخت سزائیں دی جائیں۔