وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے صدر علامہ شیخ محمد صادق جعفری نے ملکی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کی خاطر قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے، موجودہ ملکی صورتحال کا اصل فائدہ ملک دشمن عناصر کو ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اطہار ڈویژن کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کابینہ کے ارکین، مولانا حیات عباس، آصف صفوی، رضی حیدر، کلیم رضا، سبط اصغر سمییت دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ علامہ صادق جعفری نے کہا کہ اتحادی حکمران جماعتوں کا ہدف ملکی سالمیت و استحکام نہیں صرف سیاسی انتقام ہے، برسر اقتدار اتحادی ملکی آئین اور قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں، گزشتہ سال سے اتحادی حکومت نے ملک کو شدید بحرانوں کا شکار کردیا، وطن عزیز ہر گزرتے دن کے ساتھ سیاسی و معاشی بحران کے دلدل میں دھنستا جا رہا ہے اور غریب مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محافذ خود عوام پر تشدد کر رہے ہیں، ملک میں انارکی پھیلانے والی جماعتوں کا چہرہ عوام کے سامنے عیاں ہوگیا ہے، عمران خان پر الزام لگانے والے پورے ملک کو توشہ خانہ سمجھ کر کھا گئے، ملکی عدلیہ پہلے گزشتہ دہائیوں میں قومی دولت لوٹنے والے حکمرانوں کی ناجائز دولت کو واپس وطن لائے تاکہ ملک کو معاشی بحران سے نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز اب مزید بحرانوں کا شکار نہیں ہوسکتا، عوام فرسودہ اور کرپٹ سیاسی جماعتوں کو مسترد کرچکی ہیں، کرپٹ اتحادی حکمران جماعتوں کو اپنے جرائم کاحساب دینا پڑھے گا، مجلس وحدت مسلمین کی قیادت پاکستان تحریک انصاف کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے، ہم پاکستان کی بقاء کے لئے اس کی خود مختاری کے لئے میدان میں نکلے ہیں۔