وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سولجر بازار یونٹ ضلع شرقی کراچی کے تحت مسجد وامام بارگاہ ابوطالبؑ سولجر بازار میں ہفتہ وار درس کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس اتوار’16 مئی یوم مردہ باد امریکہ کی مناسبت ‘سے فکری نشست منعقد کی گئی ۔جس سے خطاب کرتے ہوئےرہنما ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن و خطیب اہلبیتؑ علامہ مبشر حسن نے کہا کہ امام خمینیؒ نے امریکہ مردہ باد کا نعرہ متعارف کروایا اور مسلمانوں کے تمام مسائل کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دیا ۔16 مئی 1984 کو شہید قائد علامہ عارف حسینیؒ نے یوم مردہ باد امریکہ قرار دیا ۔امریکہ کی پشت پناہی کے سبب اسرائیل وجود میں آیا ۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایس او کے جوان لائق تحسین ہیں کہ انہوں نے اس دن کو زندہ رکھا ہوا ہے ۔رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی با بصیرت قیادت کے باعث آج امریکہ شکست کا شکار ہے ۔آج طاقت کا توازن فلسطینیوں کے حق میں بدل چکا ہے ۔ فلسطینی طاقتور اور غاصب اسرائیل کمزور ہوتا جارہا ہے ۔جو شخص بھی ظالم کے خلاف استقامت کا مظاہرہ کرتا ہے ،خدا اس کی نصرت ضرور کرتا ہے ۔فلسطینیوں نے 75 سالوں سے مزاحمت کا راستہ اپنایا ہوا ہے ۔انقلاب اسلامی ایران فلسطینیوں کے لئے ایک غیبی مدد ثابت ہوا ۔امام خمینی ؒ نے مسئلہ فلسطین کو عالمی تحریک میں بدل دیا ۔فلسطینیوں کومضبوط کرنے میں شہید قدس سردار قاسم سلیمانی نے بنیادی کردار ادا کیا ۔
علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ ہماری اہم ترین ذمہ داری یہ ہےکہ ہم امام زمانہ ؑ کےلئے تیاری کریں ۔امام زمانہ ؑکے ظہور کےلئے اجتماعی تیاری کی ضرورت ہے ۔ امام زمانہ ؑ کے ظہور میں تمام مشکلات کا حل موجود ہے ۔ولایت فقیہ عادلانہ اسلامی نظام حکومت ہے ۔نشست کے اختتام پر شہدائے پاراچنار کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔