وحدت نیوز(کراچی)قبلہ اوّل مسجد اقصیٰ پر قابض غاصب اسرائیل کے مظالم کے مقابل مجاہدین فلسطین کی دندان شکن حملوں اور شاندار کامیابی پر مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کراچی اور اہلیان جعفرطیارسوسائٹی کی جانب سے عظیم الشان جشن فتح مقاومت اسلامی ریلی کا انعقاد سینکڑوں کی تعداد میں مرد وخواتین اور بچوں کی بھرپور شرکت ،ریلی مرکزی مسجدجعفرطیارسوسائٹی سے نادعلیؑ اسکوائر تک نکالی گئی، جس میں شیعہ سنی مکتب فکر کے جید علماءکرام و مشائخ عظام بشمول رہنما مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن علامہ نشان حیدرساجدی، علامہ مبشرحسن، علامہ حیات عباس نجفی، صدر ایم ڈبلیوایم ضلع ملیر سید احسن عباس رضوی،علامہ گلزارحسین شاہدی اہل سنت عالم دین پیر معاذعلی چشتی نظامی ، رہنما جماعت اسلامی و چیئرمین یونین کونسل 4کریم بخش، شیعہ علماء کونسل کے رہنما محسن عباس واسطی ، مولاناانصاف حیدری، قیصرعباس زیدی، ثمر سعید رضوی، کاظم نقوی اور دیگر نے خطاب کیا، معروف شاعر کلیم اختر کلیم نے منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا.
اس موقع پرمختلف سیاسی، مذہبی وسماجی شخصیات ، اراکین شیعہ علماء کونسل، آئی ایس او اور بیت فاطمہ اسلامک انسٹیٹیوٹ کے طلباءو طالبات بھی شریک تھیں، شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز پلے کارڈ اور فلسطینی و پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے ، بینرز اور پلے کارڈز پرقائدینِ اسلامی کی تصاویراور امریکہ اسرائیل کے خلاف اور فلسطینی عوام ومجاہدین کی حمایت میں نعرے درج تھے،فضاء مسلسل امریکا و اسرائیل مردہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی، آخر میں امریکا واسرائیل کے پرچم نذرآتش کیئے گئے اور فلسطینی عوام ومجاہدین کی تاریخی کامیابی کی خوشی میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔