وحدت نیوز(کراچی) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر آج ملک بھر میں شہید اسماعیل ہنیہ کی مظلومانہ شہادت، مظلومین فلسطین سے اظہار یکجہتی ،مریکہ اسرائیل کی جارحیت اور پاراچنار پر تکفیری دہشت گردوں کے حملوں کے نتیجے میں درجنوں بے گناہ شہریوں کے بہیمانہ قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرےمنعقد کیئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
شہر قائد میں جامع مسجد حیدری اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 کراچی ضلع غربی ، مسجدوامام بارگاہ باب نجف بفرزون کراچی ضلع وسطی ،جامع مسجد و امام بارگاہ عزا خانہ صغرا کورنگی ایم ایریا ضلع کورنگی ، جامع مسجد خوجہ کھارا در کراچی ضلع جنوبی ،جامع مسجد و امام بارگاہ دربار حسینی ملیر ضلع ملیر ،جامع مسجد ابو الفضل العباس لانڈھی ، جامع مسجد عزا خانہ صغریٰ ایم ایریا،جامع مسجد بی بی زینب مہران ٹاون ،جامع مسجد امام موسی کاظم ع کورنگی کراسنگ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل مخالف نعرے درج تھے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مولانا باقرعباس زیدی،علامہ مختار امامی،مولانا صادق جعفری،علامہ مبشر حسن،مولانا حیات عباس ،مولاناملک غلام عباس،سید احسن عباس رضوی و دیگر نے تہران میں اسرائیلی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل ہانیہ نے اپنے مقدس لہو سے فلسطینی تحریک کو جلا بخشی ہے، اسرائیل بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر جارحیت پر اتر آیا ہے اور تمام تر عالمی قوانین کو روند رہا ہے اور اپنی نابودی کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے، اسرائیل نے دنیا اسلام کے مظلوم لیڈر اسماعیل ہانیہ کو جس طرح شہید کیا ہے اس نے اپنا مکروہ چہرہ دنیا عالم پر عیاں کیا ہے، اس بزدلانہ کارروائی سے اسرائیل اپنی غزہ میں شکست و ناکامی پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔
صوبائی صدر مولانا باقر زیدی نے کہا کہ فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے، اسماعیل ہانیہ کی شہادت جس مقام پر وقوع پذیر ہوئی ہے اصل نقطہ ہی یہی ہے جسے سمجھنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ اسی مکروہ فعل سے اسرائیل اور اس کے سرپرست مسلمانوں میں اختلافات کو بھڑکانا چاہتے ہیں، لیکن فلسطینی مظلومین کی بصیرت نے دشمن کے تمام مکروہ عزائم خاک میں ملا دیئے ہیں، اس بہیمانہ کاروائی سے فلسطینیوں کی حمایت میں مزید اضافہ ہو گا اور تحریک مزاحمت زیادہ توانا ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاراچنار پاکستان کے دفاع کی فرنٹ لائن ہے، پاراچنار کمزورہونا یعنیٰ پاکستان کو کمزو رہونا ہے، مٹھی بھر تکفیری دہشت گرد علاقے کا امن وامان خراب کرنے کے کوشش میں مصروف رہتے ہیں، ریاست کو اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، پاراچنار کے عوام محب وطن اور جانثار ہیں،اس خطے میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ سب باہم متحد ہیں، 50 سے زائد بے گناہ شہریوں کا بہیمانہ قتل حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مکمل نااہلی کا واضح ثبوت ہے ۔
صدر ایم ڈبلیو ایم کراچی مولانا صادق جعفر ی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی سفاکیت اپنے آخری دور میں داخل ہو چکی ہے، اسرائیل عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے ریڈ لائن کراس کر چکا جو کہ اس کی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہو گی اور مظلومین جہان کے لیے تقویت کا موجب ہو گی۔انشاءاللہ