وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی شوریٰ کا اجلاس ڈویژنل سیکریٹریٹ انچولی سوسائٹی میں ڈویژنل سیکریٹری جنرل علامہ محمد صادق جعفری کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی ،مرکزی سیکریٹری امور تنظیم سازی سید مہدی عابدی، صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودڈومکی نے خصوصی شرکت کی ، جبکہ ڈویژنل کابینہ کے اراکین سمیت تمام اضلاع کے سیکریٹری جنرل صاحبان بھی اجلاس میں شریک تھے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ مرکزی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی ہدایت پر 13 مئی کو ملک گیر یوم مردہ باد امریکاکے موقع پر کراچی میں مرکزی احتجاجی ریلی نمائش چورنگی سے نکالی جائے گی جس میں علامہ راجہ ناصرعباس جعفری خصوصی شرکت اور خطاب کریں گے، مرکزی اور صوبائی رہنمائوں نے شرکاء اجلاس کو ہدایت جاری کی کہ وہ اس ریلی کے کامیاب انعقاد کیلئے بھرپور عوامی رابطہ مہم کا آغازکریں، مختلف سیاسی وسماجی تنظیموں، ملی انجمنوں اور شخصیات کو شرکت کی دعوت دیں، آئمہ جمعہ سے خصوصی ملاقاتیں کی جائیں اور انہیں یوم مردہ باد امریکا کے حوالے خصوصی طور پر آگاہ کریں تاکہ وہ خطبات میں عوام کو اس ریلی میں شرکت کیلئے آمادہ کرسکیں۔
ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن ک سیکریٹری امور سیاسیات میر تقی ظفرنے اجلاس کے شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم ڈبلیوایم کراچی کے منتخب حلقوں سے بھر پور انداز سے انتخابات میں حصہ لے گی،انہوں نے کہاکہ ووٹرز کے اندراج ، اخراج اور درستگی کے لئے دی گئی ڈیڈ لائن میں اضافے کیلئے الیکشن کمیشن کے حکام سے رابطہ کیا ہے انشاء اللہ جلد اس حوالے سے باقائدہ درخواست اعلیٰ حکام کو ارسال کردی جائے گی۔