وحدت نیوز ( کراچی ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رابطہ سیکریٹری علامہ سید علی انور جعفری نے بشپ آف کراچی بشپ اعجاز عنایت کو ٹیلیفون کرکے ان سے پشاور میں چرچ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں درجنوں مسیحی نوجوانوں، بزرگوں، خواتین اور بچوں کے جاں بحق ہونے پر ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا۔ علامہ علی انور جعفری نے بشپ اعجاز عنایت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑا سانحہ ہے اور اس سانحہ پر پوری ملت جعفریہ جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سمیت پوری مسیحی برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ بشپ اعجاز عنایت نے سانحہ پر مسیحی برادری سے اظہار ہمدردی پر ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور ایم ڈبلیو ایم کی پوری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔