وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے پُرامن شہری ہیں لیکن حکومت ہماری اس خاموشی کو ہماری کمزوری سمجھ رہی ہے، پاکستان میں مظلوم کو اُس وقت تک حق نہیں ملتا جب تک وہ خودکشی نہ کرے یا پھر سڑکوں پر آکر اپنا حق نہ مانگے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے وحدت ہاؤس کراچی میں ڈویژنل شوریٰ کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اجلاس میں علامہ علی انور جعفری، مولانا نشان حیدر ساجدی، علی حسین نقوی، میثم عابدی، مولانا صادق جعفری، رضا نقوی، میر تقی ظفر سمیت دیگر ڈسٹرک کے ذمہ داران موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں میں موجود تکفیری فکر کے حامل عناصر ملک میں تکفیریت کو رواج دینے میں مصروف ہیں، اہل سنت اور اہل تشیع پاکستان کے دفاع کی فرنٹ لائن ہیں جنہیں کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ریاستی اداروں اور قوم کے درمیان نفرت کو پروان چڑھایا جا رہا ہے تاکہ ملک پر سے لوگوں کا اعتماد ختم ہو، پاکستان کو اقتصادی طور پر کھوکھلا کیا جا رہا ہے، پورا انفراسٹرکچر تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، پاکستان کے حکمران ہمارے دشمنوں کے ساتھ مل کر ہمیں ظلم و بربریت کا نشانہ بنا رہے ہیں، شہر قائد کالعدم دہشتگرد جماعتوں کی مضبوط پناہ گاہ بنتا جارہا ہے، شہر میں خرم ذکی و امجد صابری جیسے افراد کا قتل سمیت جسٹس سجاد علی شاہ کے صاحبزادے کا اغواء اور ٹانک سے بازیابی ان کی فعالیت کی جیتی جاگتی دلیل ہے۔
علامہ مقصود ڈومکی کا کہنا تھا کہ سانحہ شکار پور میں ملوث دہشتگردوں کو عدلیہ و حکومت کی جانب سے کلین چٹ دے دی گئی، سانحہ میں ملوث کالعدم جماعت کے دہشت گردوں کو کس ڈیل کے تحت چھوڑا گیا، پنجاب میں بے گناہ عزاداروں پر نیشنل ایکشن پلان کے تحت مقدمات بنائے جا رہے ہیں، گلگت بلتستان میں ہمارے لوگوں کی زمینوں پر زبردستی قبضے کیے جا رہے ہیں، پنجاب کی سی ٹی ڈی ملت تشیع کے لیے لشکر جھنگوی بن چکی ہے، عزاداری سید الشہدا ہماری عبادت ہے، ہم اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ قطعی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 22 جولائی کو سندھ کی تمام اہم شاہراہوں پر احتجاج کریں گے۔ انشاء اللہ 22 جولائی کو ملک بھر کی طرح سندھ دھرتی سے پوری دنیا کو اپنے پُرامن احتجاج کے ذریعے ایک پیغام دیں گے اس حوالے سے ترجمان ایم ڈبلیو ایم علامہ مختار امامی جمعرات کو شام پانچ بجے کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرکے دھرنوں کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔