وحدت نیوز(بدین) عظمت ولایت کانفرنس میں وطن کے باوفا بیٹے ملکی سلامتی کیلئے دہشت گردوں سے مذاکرات کے خلاف اپنی آواز حق کو بلند کریں گے، ہم غدیری جذبے کے ساتھ ولایت کے پیغام کو عام کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار احمد امامی نے دورہ بدین کے موقع پر تنظیمی ذمہ داران کی کارنر میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی سیکریٹری تنظیم سازی و امور تنظیم یعقوب حسینی بھی موجود تھے۔ کارنر میٹنگ میں موجود تنظیمی ذمہ داران کی بڑی تعداد نے عظمت ولایت کانفرنس میں شرکت کا عزم کرتے ہوئے پروگرام کی تشہیر کیلئے گاؤں گاؤں جاکر مہم چلانے کا عزم کیا۔
اس موقع پر علامہ مختار امامی نے کہا کہ عظمت ولایت کانفرنس کا مقصد ملک دشمنوں سے مذاکرات کے خلاف آواز حق بلند کرنا اور غدیر کی یاد کو تازہ کرنا ہے، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم سب مل کر غدیری پیغام کو عام کریں، وہ پیغام جو ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مظلوم کی حامی اس طرح کرنی ہے کہ جس طرح ہم سے زمانے کا امام (ع) تقاضا کرتا ہے، انشاء اللہ ملت جعفریہ عظمت ولایت کانفرنس میں بڑی تعداد میں شرکت کرکے یہ ثابت کردے گی پاکستان بنانے والے کل بھی اس وطن کے محافظ تھے اور آج بھی وطن عزیز کو دہشت گردی کے خیبر سے نجات دلانے کے لئے میدان میں حاضر ہیں۔