وحدت نیوز(لاڑکانہ) گلگت بلتستان میں وفاقی وصوبائی حکومت کی نااہلی اور مہنگائی ، لوڈشیڈنگ میں ہو شربہ اضافے اور گندم پر دی جانے والی سبسڈی کے خاتمے کے خلاف علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر لاڑکانہ میں بعد نماز جمعہ ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد و امام بارگاہ جعفریہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی سیکریٹری جنرل طارق حسین بدوی نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنا حکمرانوں کی فرعونیت کی عکاسی کرتا ہے، مہنگائی ، لوڈشیڈنگ،کرپشن اور گندم کی آسمان سے باتیں کر تی قیمتوں نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، مہدی شاہ گلگت بلتستان کے نااہل ترین وزیر اعلیٰ ثابت ہوئے ہیں ، جو کہ آج تک اپنے صوبے کے عوام کے مسائل سے حل کے لئے ایک قدم بھی نہ اٹھا سکے۔ طارق بدوی نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو جلد از جلد تسلیم نہ کیا تو مجلس وحدت مسلمین ملک بھر میں احتجاج کا دائرہ کار بڑھا دے گی۔واضح رہے کہ لاڑکانہ کی تحصیل رتوڈیرو اور ڈوکری میں بھی اہلیان گلگت بلتستان سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاج کیا گیا۔