وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء اور رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے کہا ہے کہ ترقیاتی بجٹ کا ایک ایک پیسہ حلقے کے عوام کی امانت ہے اور یہ امانت لوگوں تک مختلف ترقیاتی کاموں کے ذریعے احسن طریقے سے پہنچ رہی ہے۔ سڑکوں کی مرمت کا کام زور و شور سے جاری ہے اور کام انتہائی تسلی بخش اور ماہرین کی نگرانی میں ہو رہا ہے لیکن بعض عناصر کو ترقیاتی کاموں سے اللہ واسطے کا بیر ہے وہ نہیں چاہتے کہ غریب عوام تک ترقیاتی اسکیموں کا فیض پہنچ سکے۔ ترقیاتی اسکیموں کا دائرہ صرف سڑکوں کی مرمت تک ہی محدود نہیں بلکہ بلوچستان یونیورسٹی کے سب کیمپس میگا پروجیکٹ پر کام انتہائی تیزی سے جاری ہے۔ دل سوز، غم سوز و عجیب و غریب نام سے نام نہاد فلاحی ادارہ کو چلانے والے نام نہاد عناصر جب بیرون ملک سےغریبوں کے نام پر آنے والے پیسوں سے عیاشیاں کرتے ہیں، اس وقت ان کو غیرت کیوں نہیں آتی۔؟ اصل میں رد شدہ نام نہاد لیڈر ترقیاتی کاموں سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ مسلسل الیکشن میں ناکامی کے بعد کچرا سیاست شروع کرنا انکا شیوہ رہا ہے۔ جب ان کو موقع ملا تھا اس وقت ترقی کے نام پر ایک اینٹ تک نہیں رکھی گئی۔ اب ان سے ترقیاتی اسکیموں کے تسلی بخش کام کی افادیت ہضم نہیں ہو رہی۔ پی بی 2 کی عوام اب سکون کا سانس لے رہی ہے کیونکہ ان کا حقیقی منتخب نمائندہ ان کی دہلیز پر ان کو وہ ساری سہولیات پہنچا رہا ہے جن کا ماضی میں لوگوں نے تصور بھی نہیں کیا تھا۔ عوام کا حقیقی منتخب نمائندہ آئندہ بھی اسی عزم کے ساتھ لوگوں کے مسائل کا مداوا کرتا رہے گا۔ چاہے یہ بات کسی کو کتنا ناگوار کیوں نہ گزرے۔ عوام کا پیسہ اگر عوام پر خرچ ہو رہا ہے تو اس پر اتنا سیخ پا ہونے کی کیا ضرورت ہے۔؟ ویسے بھی آپ دوسروں کے کام کا کریڈٹ لینے سے ذرا بھر نہیں شرماتے اور چھاتی ٹھونک کر انتہائی بے شرمی اور بے ضمیری سے معصوم عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اب عوام کی آنکھیں کھل گئیں ہیں۔ وہ یہ بات اچھی طرح جان گئے ہیں کہ ان کے مسائل کے حل میں کون دلچسپی لے رہا ہے اور کون صرف ایک گلی تک محدود صرف پروٹوکول کو ترس رہا ہے۔