وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رکن شوریٰ عالی اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے سانحہ لاہور کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں خصوصا پنجاب میں دہشت گردوں کی نرسریاں موجود ہیں جہاں ان کی تربیت کی جاتی ہے, پنجاب سے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کیلئے بہرتیاں کی جا رہی ہیں جس پر حکومت اور وزیر داخلہ نے چشم پوشی اختیار کی ہوئی ہے جو انتہائی تشویش کا باعث ہے. ہر سانحے کے بعد بلندوبانگ دعوے کئےَ جاتے ہیں کہ دہشت گردوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا, ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ کیا جائے گا لیکن معاملہ ٹھنڈا ہونے کے بعد قوم سے کئے گئے ان وعدوں اور دعووں پر عمل نہیں کیا جاتا. جس سے ثابت ہو جاتا ہے کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ نہیں ہے چند ایک دہشت گردوں کو مارنے یا گرفتار کرنے سے قوم کو دھوکہ تو دیا جا سکتا ہے لیکن دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہو سکتا. اس کے لیے ضروری ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر اسکی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے. دہشتگردوں کے سیاسی, تبلیغی اور عسکری نیٹ ورکرز توڑنے ہی سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے.تکفیری اور شدت پسند نظریات کے زریعے جوانوں کو گمراہ کیا جا رہاہے. کسی کو بھی اپنی سوچ دوسروں پر زبردستی مسلط کرنے کی اجازت نہیں دینگے پوری قوم متحد ہو کر دہشت گردی کا خاتمہ کر سکتی ہے. ان کی بزدلانہ کارروائیوں سے کبھی بھی ہمارے حوصلے پست نہیں ہو سکتے. انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد کسی خاص مسلک کے دشمن نہیں بلکہ اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں جن سے نرمی برتنا پاک سرزمین سے خیانت کے مترداف ہے. بیان میں حکومت پر زور دیا گیا کہ سانحہ لاہور میں ملوث دہشتگردوں کے خلاف فی الفور سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائیبیان کے آخر میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے سانحہ کے متاثرین اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تمام ز خمیوں کی شفا یابی کے لیے دعائے خیر کی گئی۔