وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام کوئٹہ میں علمدار روڈ امام بارگاہ طوری سے پارا چنار دھماکوں کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جس میں عوام نے بھر پور شرکت کرکے مظلومین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ظلم کیخلاف آواز حق بلند کی۔ احتجاجی ریلی علمدار روڈ سے ہوتی ہوئی شہدا چوک پر پہنچی۔ ریلی میں مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی، مرکزی رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی اور رکن ضلعی شوریٰ علامہ ولایت حسین جعفری سمیت دیگر عمائدین نے شرکت کی۔ علامہ سید ہاشم موسوی نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز میں آئے دن بے گناہ اہل تشیع کو ٹارگٹ بنا کر شہید کیا جاتا ہے یا ہمارے محلّوں اور کوچوں میں دھماکے کر کے بعد میں واقعے کی ذمہ داری قبول کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اتنی بے بس ہے کہ دہشتگردوں کی ٹیلی فون کالز کو ٹریس نہیں کر سکتی یا پھر حکومتی اداروں میں بیٹھنے والے دہشتگردوں کے ٹکڑوں پر پل رہے ہیں اور اسی لئے چپ ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان سب واقعات کی ذمہ دار ی ریاستی ادارے پر عائد ہوتی ہے۔ ہمیں اس بات پر تعجب ہو رہا ہے کہ ان حالات میں حکومت کیا کر رہی ہے، ماہ رمضان مبارک میں روزہ داروں پر دھماکے، جہاد کے نام پر بے گناہوں کی قتل و غارت مگر حکومت کی طرف سے کوئی اقدامات نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس احتجاجی ریلی کے تو سط سے حکومت کو خبردار کرنا چاہتے ہیں کہ اگر حکومتی ادارے خواب خرگوش سے بیدار نہ ہوئے تو مجبوراً ہم اپنے دفاع کیلئے خود کھڑے ہونگے۔ اور پھر اس دن حکومت اور حکومتی اداروں سے ہمارا کوئی واسطہ نہیں رہیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پھر ہم وطن عزیز پاکستان کو امریکی اور اسرائیلی ایجنٹوں کے ہاتھوں سے چھڑا کر دم لینگے۔ ریلی کے آخر میں علامہ سید ہاشم موسوی نے وطن عزیز کی سلامتی اور دشمنوں کی نابودی کیلئے دعا کی۔