وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ سے غریب عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ اشیائے خوردونوش عوام کی دسترس سے باہر نکل رہی ہے۔ حکومت عوام دوستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں علامہ علی حسنین حسینی نے کہا کہ گزشتہ چند سال سے مہنگائی کی شرح میں شدید اضافہ ہوا ہے۔ جس سے عام آدمی کا گزارہ مشکل ہو گیا ہے۔ ایک طرف روزگار کے مواقع کم ہیں تو دوسری طرف عوام نان شبینہ کے محتاج ہو گئے ہیں۔ مہنگائی پر قابو نہ پایا گیا تو عنقریب لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کے ہاتھوں یرغمال ہو گئی ہے۔ جس کی وجہ سے عام آدمی کو ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا ہے۔ سابقہ حکمرانوں نے ملک کی معیشت کی بہتری کے بجائے آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ پھیلانے کو ترجیح دی۔ اب سب پریشان ہیں کہ ملک کو آئی ایم ایف کے چنگل سے کیسے نکالیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرتے ہوئے فوری ریلیف کا اعلان کرے۔ علامہ علی حسنین نے کہا کہ عوام ہی جمہوریت میں طاقت کا مرکز ہوتے ہیں، تاہم ہمارے بے چارے عوام کو ایک وقت کی روٹی کے لئے بھی ترسایا جا رہا ہے۔ مہنگائی کا جن بوتل سے نکل کر عام آدمی کی مشکلات میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔ جس پر قابو پانے کے لئے لوگ حکومت کی طرف دیکھتے ہیں، جبکہ حکومت کی اپنی نظریں آئی ایم ایف کی طرف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی پاکستانی عوام سے تعلیم، صحت اور دیگر اہم سہولیات تک رسائی کا حق بھی چھین رہی ہے۔ حکومت عوام کی بلائی کے لئے جلد از جلد اقدامات اٹھائے۔ عوام کو اس کٹھن وقت میں ریلیف کی ضرورت ہے۔