وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی اور ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی نے ایک وفد کے ہمراہ سردارزادہ حیدر عباس ہزارہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی رابطہ سیکرٹری سید گلزار علی شاہ اور حسنین علی بھی انکے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بلوچ تاریخی طور پر اہل بیت رسول علیہم السلام کے طرفدار اور پیروکار تھے۔ جس کا ذکر بلوچی دفتر شعر کے ساتھ ساتھ بلوچ تاریخ کے تمام مورخین اور مصنفین کی کتب میں موجود ہے۔ واقعہ کربلا کے بعد بلوچوں نے من حیث القوم یزیدی سلطنت کے خلاف قیام کیا۔ جسے وہ فخر کے ساتھ اپنے اشعار میں گنگناتے ہیں کہ ہم حلب سے آئے ہیں کیونکہ ہماری یزیدیوں سے جنگ ہے۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے سردارزادہ حیدر عباس ہزارہ کو بلوچ تاریخ پر مشتمل کتاب اور کلینڈر کا تحفہ پیش کیا۔ اس موقع پر سردارزادہ حیدر عباس ہزارہ نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ایوان بالا میں پاکستان کے عوام کی موثر آواز ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں علم جرات و شجاعت کے ساتھ فصاحت و بلاغت سے نوازا ہے۔ جس کے سبب وہ ہر سطح پر قوم کی بہتر نمائندگی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ اور مذہب کا مطالعہ میرا پسندیدہ موضوع ہے۔ بہترین کتابوں کا سیٹ دینے پر انہوں نے علامہ مقصود علی ڈومکی کا شکریہ ادا کیا۔