وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں گلستان ٹاؤن میں واقع ہاکی گراؤنڈ حکومت بلوچستان اور محکمہ کھیل کی عدم توجہ کے باعث کئی سال سے بند ہے۔ جہاں صحت مند معاشرے کے لئے کھیلوں کو فروغ ملنا چاہئے، وہیں حکومت کی ناقص پالیسیوں سے کھیل کا شعبہ دن بدن پستی کا سفر طے کر رہا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ گلستان ٹاؤن میں عوام الناس کے لئے کروڑوں روپے خرچ کرکے ہاکی گراؤنڈ تعمیر کی گئی، جو عدم توجہ کے باعث کھلاڑیوں کے لئے کئی سال سے بند ہے۔ محکمہ کھیل کی جانب سے گراؤنڈ کے مسائل حل نہیں کئے جا رہے ہیں۔ جس کے باعث کھلاڑی کھیل کے شعبے سے دلبرداشتہ ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے قومی کھیل کو فروغ دینے کے لئے کھلاڑیوں کو ہر سہولت فراہم کرنی چاہئے، تاہم جو سہولیات ہیں ان سے بھی فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا ہے۔ ہاکی گراؤنڈ کا بند ہونا محکمہ کھیل اور محکمہ امور جوانان کی نااہلی کا ثبوت ہے۔ علامہ علی حسنین نے کہا کہ صحت مند معاشرے کے نوجوانوں کے لئے کھیلوں کو فروغ اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے انعقاد کی ضرورت ہے۔ حکومت اپنی پالیسی سازی میں نوجوان نسل کو مدنظر رکھے اور ان کی بہتری و ترقی کے لئے ہر ضروری قدم اٹھائے۔ ان اقدامات میں تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کو بھی فروغ دینا شامل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گلستان ٹاؤن میں تعمیر شدہ ہاکی گراؤنڈ کی بندش معاشرے کے لئے ایک بڑا نقصان اور سرکاری فنڈز کا ضیاع ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد از جلد گراؤنڈ کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے اسے فعال کرنے کے احکامات جاری کرے۔