وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ آزادی کے بعد بھی ہم مذہبی، سیاسی اور اقتصادی طور پر آزاد نہیں ہوئے ہیں۔ حالیہ انتخابات میں بدترین دھاندلی کے ذریعے غیر منتخب نمائندوں کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا۔ اقتصادی طور پر ہم آئی ایم ایف کے غلام بن گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی پاکستان کی مناسبت پر تحریک تحفظ آئین پاکستان کے تحت پریس کلب کوئٹہ میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب میں علامہ علی حسنین حسینی نے کہا کہ ہماری قوم برطانیوی سامراج کی غلامی سے آزاد ہوکر امریکہ اور دیگر عالمی قوتوں کے غلام بن گئی ہے۔ ہم اقتصادی طور پر آئی ایم ایف کے غلام ہیں۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے خوابوں کے برعکس آج بھی ہم مذہبی، سیاسی اور اقتصادی طور پر آزاد نہیں ہوئے ہیں۔ ہمارے حکمران آج بھی عالمی استکباری قوتوں کے طابع ہیں۔
انہوں نے حالیہ انتخابات میں بدترین دھاندلی سے متعلق کہا کہ رواں سال کے عام انتخابات میں جس طرح غیر منتخب افراد کو ہمارا نمائندہ بنا کر ہم پر مسلط کیا گیا، یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سیاسی طور پر بھی ہم محصور ہیں۔ ہماری قوم کا منڈیٹ چھین کر غیر منتخب افراد کے حوالے کیا گیا۔ انتخابات کے نام پر عوام کو ان کے حق سے محروم کیا گیا۔ اسمبلی میں عوام کی نمائندگی کرنے والے افراد کی بجائے مسلط شدہ فارم 47 نمائندے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان ملک میں آئین و قانون کی بحالی چاہتی ہے۔ ہمارا روز اول سے یہی مطالبہ ہے کہ جن افراد کو قوم نے منتخب کیا، انہیں انکا ووٹ واپس دیا جائے۔ قوم کی آخری امید انتخابات ہوتے ہیں، جس میں وہ اپنے نمائندوں کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ تاہم دھاندلی زدہ انتخابات کی بدترین مثال کے بعد قوم کی امید تحریک تحفظ آئین پاکستان ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے وطن عزیز پاکستان میں آئین کی بالادستی کے لئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔