وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان نوکریوں سے محروم ہیں۔ جسکی وجہ سے تعلیم یافتہ طبقہ دلبرداشتہ ہو رہا ہے۔ حکومت روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور نوجوانوں کو ہر اعتبار سے تیار کرنے کے لئے منصوبہ بندی کرے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ علی حسنین نے کہا کہ بلوچستان میں سرکاری نوکری کی دس اسامیوں کے لئے ہزاروں لوگ درخواستیں جمع کرتے ہیں، جسکی بڑی وجہ بے روزگاری ہے۔ ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے والے نوجوان بھی چھوٹی نوکری کے حصول کے لئے دربدر گھوم رہے ہیں۔ بلوچستان کے نوجوانون میں موجود ہنر بے ضابطگی کی نذر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں نجی کمپنیاں بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ جس کے باعث نوجوانوں کے لئے مواقع کم ہیں۔ حکومت منصوبہ بندی کرتے ہوئے ایسی پالیسیاں متعارف کروائے، جس سے پرائیویٹ سیکٹر کا رجحان بلوچستان کی جانب مبذول ہو۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ دیگر صوبوں کی نسبت بلوچستان میں مواقع کم ہیں۔ محنت کرنے والے نوجوانوں کو حکومتی توجہ کی ضرورت ہے۔ حکومت نوجوانوں کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں تعلیم اور ہنر کو فروغ دینے کے لئے بھی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ حکومت بلوچستان صوبے کے نوجوانوں پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے انکی فلاح و بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے۔