وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا ہے کہ فلسطین میں اقوام متحدہ سمیت دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں اور نام نہاد مغربی قوتوں کی سرپرستی میں اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، جبکہ وہاں پر مظلوم مسلمانوں کا خون بہائے جانے پر مسلم امہ کی بے حسی باعث شرم ہے۔ صیہونی ریاست کی دہشتگردی کیخلاف تمام مسلم ممالک کو متحد ہوکر مزاحمت کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کو چاہیئے کہ وہ اسرائیلی وحشت کیخلاف او آئی سی کا اجلاس جلد از جلد منعقد کروائے۔ فلسطین کے اردگرد اسرائیلی محاصرے کی وجہ سے عام عوام کو بنیادی سہولیات زندگی تک میسر نہیں، لہذا انسانی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی فلسطینی مظلوموں کی مدد کیلئے عملی اقدامات اُٹھانا لازمی ہیں۔
علامہ سید ہاشم موسوی کا اسلام آباد میں جاری انقلاب اور آزادی مارچ پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہرالقادری کے مطالبات آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بالکل منطقی ہیں۔ ماڈل ٹاؤن میں شریف برادران کی مظلوم عوام پر فائرنگ کے بعد ایف آئی آر کے اندراج سے بھی انکار کرنا، عدل و انصاف کی دھجیاں اُڑانے کے مترادف ہے۔ قانون کے مطابق وزیراعظم یا وزیراعلٰی جیسی شخصیات کو بھی قانون کے کٹہرے میں جواب دہ ہونا چاہیئے۔ طاہرالقادری کی زیر قیادت شیعہ سنی عوام کی دہشتگردوں کیخلاف کامیابی، دشمن قوتوں کو گوارا نہیں۔ لہذا جمہوریت کی مخالف موجودہ حکومت کو فی الفور مستعفی ہوجانا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے عمران خان کو انصاف نہ ملنا، خاندانی سیاست کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جب تک شریف برادران اقتدار پر قابض ہیں، صاف و شفاف الیکشن کا خواب نہیں دیکھا جاسکتا۔