وحدت نیوز (جعفرآباد) مد رسہ خاتم النبیینﷺ کے زیر اہتمام بزرگ عالم دین علامہ یعقوب علی توسلی کے ایصال ثواب کیلئے مجلس عزا منعقد ہوئی۔اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ یعقوب علی توسلی نے تبلیغ دین اور اتحاد بین المسلمین کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ملک وملت کیلئے انکی خدمات کو کبھی نہیں بھلایا نہیں جا سکتا۔
در ین اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نوازشریف بحرین میں کرائے کے قاتل بھیجنے سے اجتناب کریں،دہشت گردی ،ہیروئن اور کلاشنکوف کلچر افغانستان میں مداخلت کا تحفہ ہے،نواز شریف ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھیں اوربحرینی ڈکٹیٹر کے غیر جمہوری اقتدار کو بچانے کیلئے بحرین کے معصوم نہتے انقلابی عوام پر ظلم وتشدد کا حصہ نہ بنیں،ہمیں ایک آزاد ،خود مختار اور غیرت مند قوم کی حیثیت سے اپنے آپ کو منوانا ہوگا، جو اپنے فیصلے اصولوں کی بنیاد پر کرتے ہیں ۔ جو جز وقتی مفادات اور زر و زور کے بدلے اپنے ضمیر نہیں بیچتے۔ہم اگر کسی مظلوم نہتی قوم کا ساتھ نہیں دے سکتے تو کم ازکم کرائے کے قاتل بننے سے اجتناب کریں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کسی ایک پارٹی کا نہیں بلکہ ملک و ملت کی بقا اور سربلندی کا مسئلہ ہے، انتخابات میں دھاندلی کے مجرموں کو قانون کے کٹہڑے میں کھڑا کرنا از بس ضروری ہے جس کے لئے ہم تحریک انصاف کے اصولی موقف کے حامی ہیں۔ شفاف انتخابات کے بغیر جمہوریت ایک دھوکا ہے، نواز حکومت با اختیار جوڈیشل کمیشن کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔