وحدت نیوز(کوئٹہ ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ تربیت کے زیر اہتمام کوئٹہ میں منعقدہ صوبائی تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی ،تقریب میں10روزہ بصیرت افزائی کورس کے شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں،تقریب میں مجلس وحدت مسلمین کی شوری عالی کے رکن علامہ سید ہاشم موسوی، صوبائی سیکریٹری جنرل و مرکزی کور کمیٹی کے رکن علامہ مقصود علی ڈومکی ،صوبائی کابینہ کے اراکین مولانا سید ظفر عباس شمسی ،مولانا سہیل اکبر شیرازی،مولانا ذوالفقار علی سعیدی ،مولانا محمد علی جمالی ،ورکشاپ کے آرگنائزرمولانا تصور عباس ، و برادرناصر عباس ،مولانا ہادی، ڈاکٹر اقبال نظر و دیگر شریک ہوئے ۔
اس موقع پر اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے شعبہ تربیت کے مسئولین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک الہیٰ و نظریاتی تنظیم کے لیئے تعلیم و تربیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔قرآن و سنت میں حصول علم کی بہت زیادہ تاکید کی گئی ہے یہاں تک کے پیغمبر اسلامﷺ نے اپنی بعثت کا مقصد تعلیم قرار دیا،انہوں نے کہا کہ تعلیم و تربیت کا یہ سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔ اور ہمارے کارکن اپنے علم و عمل کے باعث معاشرے میں اسلامی اقدار کے امین بنیں۔